بھٹکل:5/فروری (ایس او نیوز)نامدھاری سماج کے نچل مکی شری وینکٹ رمن مندر کی نوتعمیر شدہ گربھ گوڑی میں مورتی نصب کرنے کولے کر گذشتہ چار دنوں تک مختلف مذہبی پروگرامات کو انجام دینے کے بعدسنیچر کی شام اختتامی اجلاس منعقد ہوا۔
پروگرام میں بیندور کے رکن اسمبلی اور کے ایس آرٹی سی بورڈ کے صدر گوپال پجاری نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ نامدھاری سماج متحدہوکر ایک مذہبی مرکز کی تعمیر کرنا ان کے شردھا کی بہترین مثال ہے۔ انہوں نے کہاکہ عقیدے کادوسرانام نامدھاری ہے۔ بھگوان کے کاموں میں جو متحد ہوکر شرکت کرتے ہیں انہیں بھگوان کبھی بھلاتا نہیں ہے ،انہوں نے ایسے کاموں کو جاری رکھنے کی اپیل کی۔ کے ایف ڈی سی صدر راجیند رنایک نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نامدھاری سماج ہمیشہ اپنی راست بازی کے لئے مشہور ہے، کبھی دھوکہ دہی نہیں کی ہے ، ہمیشہ دوستانہ تعلقات کے خواہاں رہے ہیں۔ سگندور مندر انتظامیہ کے رامپا نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ نامدھاری سماج نے کئی موقعوں پر اپنےا تحاد کا مظاہرہ نہیں کیا ، جس کے نتیجے میں کئی نشیب وفراز سے گذرنا پڑا، اگر ہم نے اتحاد کا مظاہرہ کیا تو ضلع میں ہماری طاقت ابھر کر آئے گی۔ شیموگہ ضلع پنچایت ممبر کاکوڈ انپا نے مندر کی تعمیر نو کی ستائش کرتے ہوئے صدر ڈی بی نائک کی سادگی کی کھل کر تعریف کی۔ ڈائس پر ڈی بی نائک، جے این نائک، سابق رکن اسمبلی جے ڈی نائک، راجو پجاری وغیرہ موجود تھے۔ اس موقع پر مندر کی تعمیر میں تعاون کرنے والے کئی افراد کی تہنیت کی گئی ۔ ستیش کمار نائک نے استقبال کیا ، گنگادھر نائک نے نظامت کی۔